ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وجیا رہاٹکر کو قومی خواتین کمیشن کی نئی صدر مقرر کیا گیا

وجیا رہاٹکر کو قومی خواتین کمیشن کی نئی صدر مقرر کیا گیا

Sun, 20 Oct 2024 10:36:07    S.O. News Service

نئی دہلی، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وجیا راہٹکر کو قومی خواتین کمیشن کی نئی صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ مہاراشٹرا ریاستی خواتین کمیشن کی صدر کے عہدے پر فائز تھیں۔ ان کی سماجی اور معاشرتی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ارچنا مجمدار کو بھی قومی خواتین کمیشن کی رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن اور راجستھان کی سات سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن سے عین قبل انہیں اس بڑی ذمہ داری کا سونپا جانا ایک طرح سے بی جے پی کا سیاسی قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ در اصل وجیا کا تعلق مہاراشٹر کے سمبھا جی نگر سے ہے، اور صوبہ میں اگلے ماہ اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔ اس سے پہلے راجستھان میں وہ بی جے پی کی شریک انچارج رہ چکی ہیں۔ ایسے میں یہ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ پارٹی نے ایک تیر سے کئی نشانے لگانے کی کوشش کی ہے۔ ان کی اس تقرری سے ووٹرس میں یہ پیغام جا سکتا ہے کہ بی جے پی خواتین کا احترام کر رہی ہے، ساتھ ہی قائدانہ ذمہ داری بھی سونپ رہی ہے۔

خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق رہاٹکر اس عہدے پر تین سال یا 65 سال کی عمر تک (جو بھی پہلے ہو) رہیں گی۔ وہ اس کمیشن کی نویں صدر ہوں گی۔ مہاراشٹر خواتین کمیشن میں اپنی خدمات کے دوران انہوں نے ’سکشما‘ (تیزابی حملوں کے متاثرین کی مدد کے لئے)، ’پرجّولا‘ (خودکار طور پر مدد کرنے والے گروپس کو مرکزی حکومت کی اسکیموں سے جوڑنا) اور ’سوہیتا‘ (خواتین کے لئے چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن خدمات) جیسے فلاحی اقدامات کا آغاز کیا۔

اس کے علاوہ رہاٹکر نے پاکسو ایکٹ، تین طلاق اور انسداد انسانی اسمگلنگ یونٹس پر فوکس کر کے قانونی اصلاحات پر بھی کام کیا۔ رہاٹکر نے ڈیجیٹل خواندگی کے پروگرام چلانے کے ساتھ ساتھ خواتین کے ایشوز کو وقف ’ساد‘ کی اشاعت بھی شروع کی۔ خواتین کو با اختیار بنانے میں مدد کے لئے انہیں کئی انعامات سے نوازا گیا ہے۔ ان میں قومی قانون ایوارڈ اور قومی ادبی کونسل کا ساوتری بائی پھولے ایوراڈ شامل ہے۔


Share: